وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبے میں لینڈ ریکارڈ نظام کو جدید بنانے کے لیے ای فرد پورٹل اور ڈیجیٹل پبلک فیڈبیک نظام کا اجراء کردیا۔ اس اقدام کے تحت شہری اب ریونیو دفاتر کے بار بار چکر لگائے بغیر گھر بیٹھے یا قریبی مرکز سے زمین کی فرد حاصل کرسکیں گے۔
حکام کی بریفنگ کے مطابق ای فرد کے حصول کے لیے نادرا ای سہولت مراکز، سرکاری ویب سائٹ کے سیلف سروس پورٹل اور دستک ایپ کے ذریعے سہولت فراہم کی جائے گی۔ نادرا سے بائیومیٹرک تصدیق کے بعد شہری فرد ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے، جبکہ فیس ون لنک اور ایزی پیسہ کے ذریعے جمع ہوگی۔ فرد پر موجود کیو آر کوڈ سے مرکزی اراضی ریکارڈ کے ذریعے آن لائن تصدیق بھی ممکن ہوگی۔
منصوبے کے دوسرے حصے میں ڈیجیٹل پبلک فیڈبیک نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت ریونیو خدمات حاصل کرنے والے شہریوں سے بے ترتیب بنیادوں پر ٹیلی فونک رابطہ کرکے ان کی رائے ریکارڈ کی جائے گی۔ غیر مطمئن شہریوں کی شکایات براہِ راست ڈپٹی کمشنرز کے ڈیش بورڈ پر ظاہر ہوں گی، جبکہ شہریوں کے اطمینان اور اضلاع کی کارکردگی کو ماہانہ اجلاسوں میں بھی زیرِ جائزہ لایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے مطابق ان ڈیجیٹل اصلاحات کا مقصد زمین سے متعلق خدمات میں شفافیت اور رفتار بڑھانا، شکایات میں کمی لانا اور عوام کو آسان سہولیات فراہم کرنا ہے۔