(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اپریل 2027 میں کرانے کی صوبائی حکومت کی تجویز مسترد کرتے ہوئے انتخابی شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹس میں بھی بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ارکان نثار احمد درانی اور بابر حسن بھروانہ سمیت جسٹس (ر) اکرام اللہ خان، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخوں اور انتخابی شیڈول کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران کرانے پر اتفاق ہوا تھا، تاہم صوبائی حکومت نے دھند، سردی اور رمضان المبارک کے پیش نظر انتخابات اپریل 2027 میں تین مراحل میں کرانے کی تجویز پیش کی۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے دی گئی وجوہات کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے طے شدہ تاریخوں میں تبدیلی کی تجویز مسترد کردی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا ڈرافٹ شیڈول فوری منظوری کے لیے پیش کیا جائے تاکہ انتخابی عمل آگے بڑھایا جاسکے۔
اجلاس کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے انتخابی افسران کی فہرستیں فراہم نہ کیے جانے پر بھی مایوسی کا اظہار کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ انتخابی افسران کی مطلوبہ فہرستیں ایک ہفتے کے اندر فراہم کی جائیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے بھی انتخابی شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں متعلقہ حکام کو انتخابات کا ڈرافٹ پروگرام منظوری کے لیے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کنٹونمنٹس میں انتخابات کے معاملے پر وزارت دفاع کو متعدد یاددہانی خطوط ارسال کیے گئے، جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم کو بھی خط لکھا۔ تاہم، الیکشن کمیشن کے مطابق ان خطوط کے باوجود خاطر خواہ جواب موصول نہیں ہوا اور وفاقی حکومت کی جانب سے انتخابات کے انعقاد کے لیے باقاعدہ درخواست بھی موصول نہیں ہوئی۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق کنٹونمنٹ ایکٹ 1924 کی دفعہ 19(D) کے تحت وفاقی حکومت کی درخواست درکار تھی، تاہم الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کے تحت کنٹونمنٹس میں بھی بلدیاتی انتخابات کے عمل کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔