وزیراعظم اپوزیشن کو بار بار مذاکرات کی دعوت دے چکے: محسن نقوی

Mohsin naqvi

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم اپوزیشن کو متعدد بار مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، سیاسی معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے، تاہم اگر اس کے باوجود جتھوں کی صورت میں اسلام آباد آنے کی کوشش کی گئی تو حکومت صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ حالیہ مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے دی گئی احتجاج کی کال اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ بھی آچکا ہے اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ماضی میں احتجاجی سرگرمیوں کے دوران ملک کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا۔ ان کے مطابق ایک جانب دہشت گردی کے واقعات میں شہداء کے جنازے اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب دھرنوں اور احتجاج کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر زور دیا کہ وہ صوبے میں دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر توجہ دیں۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیاسی جلسے اور جلوس جمہوری عمل کا حصہ ہیں، تاہم ان کے بقول منظم جتھوں کی صورت میں آنے والوں کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

محسن نقوی نے خبردار کیا کہ احتجاج کے دوران کسی بھی جانی نقصان کی ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں سنجیدہ اور سمجھدار لوگ موجود ہیں اور امید ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ذمہ دارانہ فیصلہ کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ایک بار پھر مذاکرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم متعدد مرتبہ اپوزیشن کو بات چیت کی پیشکش کر چکے ہیں، اس لیے سیاسی اختلافات کا حل تصادم کے بجائے مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔

Latest stories

More from this section